اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستحکم معاشی نظام سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور انھیں مراعات دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں بیمار صنعتوں کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ کل 687 ایسے یونٹس ہیں جن کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ 60 دن میں یونٹس کی بحالی کے لیے قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم کو چھوٹے اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلد از جلد ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مکمل ایکشن پلان پیش کیا جائے۔ اس موقع پر تعمیرات سیکٹر کے شعبے میں دی جانے والی حکومتی مراعات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔