لاہور: (دنیا نیوز) پارٹی کے سینئر قائدین کے زیر صدارت اجلاس میں رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیئے گئے، کارکنوں کو ہر صورت مارچ میں شرکت اور تمام رہنماؤں کو سوشل میڈیا پر رابطے میں رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم این ایز، ایم پی ایزاور ٹکٹ ہولڈرز کے اہم اجلاس میں آزادی مارچ کے لیے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں۔
لیگی کارکنوں کو 31 اکتوبر کے اسلام آباد جلسے میں ہر صورت پہنچنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کریک ڈاؤن کی صورت میں گرفتاریوں سے ہر ممکن طریقے سے بچا جائے۔
اس کے علاوہ پارٹی کے تمام رہنماؤں کو ٹویٹر اور فیس بک اکاؤنٹ بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تمام رہنما سوشل میڈیا پر رابطے میں رہیں۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پارلیمانی اور تنظیمی قیادت کو بریفنگ میں کہا گیا کہ حکومت نواز شریف کے علاج میں غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔
ن لیگ کے سینئر قائدین نواز شریف کی تیمارداری کے لئے ہسپتال جائیں گے۔ راجا ظفرالحق، احسن اقبال، جاوید ہاشمی اور ایاز صادق وفد کی قیادت کریں گے۔