سمندری طوفان کیار مزید طاقتور، ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت

Last Updated On 27 October,2019 03:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان کیار مزید طاقتور ہو کر سپر سائیکلون کی شکل اختیار کر گیا۔ طوفان کراچی کے جنوب میں ساحل سے860 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

بحیرہ عرب میں بننے والے رواں سال کے تیسرے طوفان کیار کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ماہرین نے کیار کو بحیرہ عرب میں اب تک کا سب سے طاقتورطوفان قرار دیدیا۔ طوفان پر نظریں جمائے موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کراچی کے جنوب میں 860 کلومیٹر دور طوفان 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب و شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس سے پاکستان کی ساحلی پٹی پر براہ راست اثر انداز ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔

طوفان کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ اور مکران کے کئی اضلاع میں 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کوبھی گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کر دی۔