کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں تین روز کے دوران دو انسانی جانیں پتنگ بازی کی بھینٹ چڑھ گئیں۔ پتنگ بازوں کی وجہ سے بنارس فلائی اوور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ڈیتھ پوائنٹ بن گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق شہر قائد میں پتنگ کی ڈور تین دن کے دوران دو انسانی جانیں نگل گئی، بنارس فلائی اوور پر تین دن کے دوران دوسرا واقعہ سامنے آگیا، 23 اکتوبر کی شام بنارس پل پر نوجوان شہروز اور آج چھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کمسن بچہ اپنے والدین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر موجود تھا کہ پتنگ کی ڈور سے گلا کٹ گیا۔۔ اور بچہ والدین کے ہاتھوں میں دم توڑ گیا۔
پتنگ کی ظالم ڈور سے دو انسانی جانوں کے ضائع ہوجانے پر بھی اس کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکمے بیدار نہ ہوسکے۔ اب تک شہر میں کسی پتنگ باز یا پتنگ فروخت کرنے والے کے خلاف کارروائی نہیں کی جا سکی۔