اشتعال انگیز تقاریر کیس: کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت منظور

Last Updated On 30 October,2019 03:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کیس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے لیگی رہنما کو 2 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

 ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے درخواست ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے ضمانت دائر کی۔

 درخواست میں موقف اپنایا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، وہ ایک سیاسی شخص ہیں، حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بات کرنا جمہوری حق ہے، اگر اس بیان پر مقدمے درج ہوگئے تو پھر موجودہ حکمرانوں پر بھی مقدمے درج کیے جائیں، کیپٹن (ر) صفدر کو نواز شریف کا داماد ہونے کی سزا دی جارہی ہے، عدالت کیپٹن ر صفدر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔