کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شہری آوارہ کتوں کا شکار بن رہے ہیں، کتے کے کاٹنے کی بیماری ریبیز سے 45 سالہ سلیم چل بسا، سلیم چار سالہ بیٹی کو کتے سے بچاتے ہوئے خود نشانہ بن گیا تھا۔
نیو کراچی سرجانی ٹاون کا رہائشی سلیم 6 ہفتوں قبل 4 سالہ بیٹی کو لیکر نکلا تو اسے بچاتے ہوئے خود ہی آوارہ کتوں کا شکار ہو گیا۔ پہلے سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی گیا جہاں اینٹی ریبیز ویکسین نہ ملی، عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا مگر ویکین نہ تھی۔ ہسپتال انتظامیہ نے باہر سے منگوا کر آدھی خوراک دی، حالت بگڑی تو جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں 45 سالہ محمد سلیم رات گئے دم توڑ گیا۔
سندھ کا ایسا برا حال کہ لوگ مر رہے ہیں، بڑے بڑے ہسپتالوں میں ویکسین نہیں لیکن ہر بار کی طرح اس بار بھی سندھ کی وزیر صحت صوبے کے ہسپتالوں میں ویکسین کی دستیابی کا دعویٰ کر رہی ہیں، بے بس اہل خانہ سلیم کا جسد خاکی بہاولپور لے گئے۔