لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف جہاں سے چاہیں علاج کرا سکتے ہیں، ان کی بیماری کی تشخیص ہوگئی، شوگر کنٹرول نہیں ہو رہی، اسٹیرائیڈز سمیت مختلف ادویات دی جا رہی ہیں، ڈاکٹرز کی رپورٹ پر نواز شریف کو ضمانت ملی، بیرون ملک علاج کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دی۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی تمام رپورٹس ڈاکٹرز کو دے دی گئی تھیں، ان کو سٹیرائیڈز بھی دیئے گئے، نواز شریف کی شوگر کبھی کنٹرول نہیں ہوئی، وہ جب علاج کیلئے آئے ان کے پلیٹ لیٹس بہت کم تھے، کراچی کے ڈاکٹر طاہر شمسی کو بھی آن بورڈ لیا گیا، نواز شریف کے علاج کیلئے دیگر ڈاکٹرز کی مدد بھی لی۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا نواز شریف 6 نومبر کو ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے، وزارت داخلہ نے نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیئرنس لینے کا کہا، انہوں نے صوبائی حکومت سے میڈیکل رپورٹ طلب کی، وزارت داخلہ نے بیرون ملک علاج سے متعلق بھی رائے طلب کی، نواز شریف کی بیماری کی لمبی میڈیکل ہسٹری ہے، شوگر کا اثر گردوں اور پٹھوں پر بھی ہوتا ہے۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے مزید کہا نواز شریف جب تشریف لائے تو ان کی حالت تشویشناک تھی، ہم نے بورڈ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا، میڈیکل بورڈ خودمختار ہے، کوئی سیاسی دباؤنہیں، نواز شریف کی صحت سے متعلق بورڈ آج دوبارہ بیٹھے گا۔