اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق دینے کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا، ترمیم کے بعد کلبھوشن یادیو کو سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ترمیم کے بعد کلبھوشن یادیو کو اپنی سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل کا حق حاصل ہو گا۔ ترمیم کا مقصد فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیل کا قانونی طریقہ طے کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم صرف عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر لاگو ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت نے گرفتار بھارتی جاسوس کو سزائے موت سنائی تھی جس پر بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں اپیل کی۔ عالمی عدالت انصاف نے 17 جولائی 2019 کو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی جاسوس کی حوالگی کی درخواست مسترد جبکہ حکومت پاکستان کو قونصلر رسائی دینے کی ہدایت کی تھی۔