اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردو بدل کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی ایک بار پھر کابینہ میں واپسی ہو رہی ہے، انہیں وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی جگہ وزارت دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سپیشل انییشٹو بنایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل۔اسد عمر منصوبہ بندی اور سپیشل انییشٹو جبکہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ۔اس ضمن میں جلد نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 18, 2019
وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کو وزارت پٹرولیم کی وزارت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں جلد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے رواں سال اپریل کے دوران اپنے عہدے سے استعفی دیا تھا اور کہا تھا کہ وفاقی کابینہ میں کوئی اور عہدہ نہیں لیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں اور توانائی کی وزارت سنبھالنے کا کہا گیا ہے مگر میں نے کابینہ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی معیشت کے حالات اچھے نہیں مگر معیشت میں بہت جان ہے اور ہم بہتری کی طرف جا رہے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ میں صرف وزارت چھوڑ رہا ہوں، تحریکِ انصاف نہیں چھوڑ رہا۔ تحریکِ انصاف کے ساتھ میرا 7 سالہ سفر بہت اچھا رہا اورمیں عمران خان اور ان کے ویژن کی ہمیشہ حمایت کرتا رہوں گا۔