لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس تحریک انصاف کو بلیک میل کرنے کیلئے بنایا گیا، مخالفین نے ذاتی مفاد کیلئے الزامات لگائے۔
پنجاب وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پہلے بھی لوٹ مارایسوسی ایشن کو جگ ہنسائی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، انہوں نے کہا تھا بجٹ نہیں لانے دیں گے، اس میں بھی ناکام ہوئے، حنیف عباسی بھی فارن فنڈنگ کیس سپریم کورٹ لے کر گئے، سپریم کورٹ نے کیس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، ن لیگ کے رہنما مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا یہاں پر جاگیرداروں، سرمایہ کاروں کا راج تھا، پی ٹی آئی اپنی آڈٹ رپورٹ ٹاپ ریٹڈ کمپنیوں سے کراتی ہے، پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن میں 2 پارٹیاں رجسٹرڈ کی ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن میں زرداری نے اپنی جماعت کی کوئی فائل ہی جمع نہیں کرائی، احسن اقبال کا یو اے ای میں اقامہ بنا ہوا ہے، اپوزیشن والے خود حلوہ پارٹیاں کرتے رہے، فارن فنڈنگ کیس کا نیا لالی پاپ دینا شروع کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے صوبائی وزیر نے مزید کہا جسے پارٹی سے فارغ کیا گیا اس نے الزام عائد کر دیا، کہا گیا اسمبلیوں سے استعفے دیں گے جس میں وہ ناکام ہوئے۔