لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے عناصر کے عزائم پورے نہیں ہوں گے۔ وزیراعلی کہتے ہیں کہ اداروں میں تصادم کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔
اپوزیشن کی سرگرمیوں کے ردعمل میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے بے پناہ محنت کیساتھ ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کردیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے عناصر کے عزائم پورے نہیں ہوں گے- اداروں میں تصادم کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔
عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ادارہ ایک صفحے پر ہے- ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کر کے اداروں کو کنگال کیا- وزیراعظم عمران خان نے بڑے بڑے کرپٹ عناصر کو بے نقاب کیاہے- وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔