کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے۔ آج پاپا میاں نے پارٹی کو سکیڑ کر سندھ تک محدود کر دیا ہے۔
انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے لوگوں کو پمپر باندھنے اور ملک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا۔ پورا صوبہ پیپلز پارٹی کی حرکتوں پر نامراد ہو کر رہ گیا ہے۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ اب آپ کی باری ہے، آپ کو بھاگنے نہیں دینگے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی سے تعلق رکھنے والے بیشتر کارکنان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا بھی اعلان کیا۔
رہنما تحریک انصاف اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پوری تحریک انصاف بد زبانی کی شناخت بن چکی ہے۔ فردوس شمیم نقوی اپنی زبان کو شائستگی کے دائرے میں لائیں۔ تحریک انصاف کا فاشسٹ رویہ ان کی بد زبانی کا عکس ہے۔