عمران خان اور اتحادی جماعتیں پاکستان کو مستحکم کرنے پر عمل پیرا ہیں، چودھری پرویز الہیٰ

Last Updated On 11 December,2019 07:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان اور اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر محترمہ آئیونا تھامس نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو میں چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے باہمی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی اور دیگر ڈونر ایجنسیوں سے مل کر کام کر سکتی ہے۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ عمران خان اور اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے باعث انشا اللہ جلد ہی پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئے گا۔