میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع

Last Updated On 13 December,2019 04:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے ان کی صحت سے متعلق رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو جمع کرائی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے، ان کے پلیٹ لیٹس کو مستحکم کرنے کے لیے علاج جاری ہے۔ نواز شریف کے محفوظ علاج کے لیے 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ تک پلیٹ لیٹس ہونے چاہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو دل میں خون کی شریانوں کا بھی مسئلہ ہے۔ بائی پاس آپریشن کے بعد ان کی طبیعت کچھ بہتر ہے، مگر خون کی شریانوں میں مسائل ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے دل کی ایم آر آئی بھی ہو رہی ہے۔ انھیں دن میں دو مرتبہ واک بھی کرنی چاہیے۔ ان کے مرض کی مکمل تشخیص کا عمل بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے وکیل کی جانب سے ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی تازہ ترین رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ ہے۔