لاہور: (دنیا نیوز) وکلا کا وفد پھولوں کے گلدستے لے کر پی آئی سی پہنچا جہاں سینئر ڈاکٹر ذیشان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذیشان کا کہنا تھا کہ ہم وکلاء کی جانب سے مثبت قدم آگے بڑھانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
لاہور نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران وکیل رہنما احسن بھون کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا، اس کی مذمت کرتے ہیں، جس پر ڈاکٹر ذیشان کا کہنا تھا کہ ہم خود بہت تکلیف میں ہیں۔
احسن بھون نے کہا کہ ہم پھولوں کے گلدستے اس لیے لائے تا کہ تمام رنجشوں کو بھلا کر اس معاملے کو ختم کیا جائے۔ اس پر ڈاکٹر ذیشان نے کہا کہ ہم بھی اس معاملے کو ختم کرنا چاہتے ہیں تا کہ متوفی لوگوں کے لواحقین اور دیگر مریضوں کی پریشانیوں میں کمی آ سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے بعد وکلا اور ڈاکٹروں میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی واقع ہوئی ہے اور آئندہ چند روز میں دونوں وفود کی دوبارہ ملاقات ہوگی۔