لاہور سے کراچی جانیوالی جناح ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

Last Updated On 16 December,2019 06:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یہ واقعہ لاہور ریلوے سٹیشن سے پانچ سو میٹر کی دوری پر پیش آیا۔ ریلوے انتظامیہ نے غفلت برتنے پر اسسٹنٹ انجینئر عبدالرحمن کے خلاف انکوائری شروع کر دی ہے۔

جناح ایکسپریس لاہور ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔ تھوڑی ہی مسافت طے کی تھی کہ اکانومی کلاس کی تین کوچز ٹریک سے اتر گئیں۔

اس حادثے کے باعث جناح ایکسپریس اڑھائی گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہو گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے ایک گھنٹے بعد ڈی ریل کوچز کو ٹریک پر لانے کے لیے اقدامات شروع کئے گئے۔

جناح ایکسپریس کے مسافروں کو اڑھائی گھنٹے بعد متبادل کوچز مہیا کی گئیں۔ اس موقع پر مسافر حکام اور انتظامیہ کو کوستے رہے۔ ادھر ریلوے انتظامیہ نے غفلت برتنے پر اسسٹنٹ انجینئر عبدالرحمن کے خلاف انکوائری شروع کر دی ہے۔

ڈی ایس لاہور کا کہنا ہے کہ ٹرین کی ڈی ریلمنٹ کے حوالے سے رپورٹ تیار کر رہے ہیں، وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔