لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ پی آئی سی سے گرفتار مزید 8 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ نے حکم جاری کیا۔
پولیس نے عدالتی وقت ختم ہونے پر مزید 8 وکلا کو جسمانی ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ غلام مرتضیٰ چودھری سینئر نائب صدر سپریم کورٹ بار نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے 5 بجے کے بعد ملزم وکلا کو عدالت میں پیش کر دیا۔ عدالت نے 8 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ مانگا لیکن عدالت نے جوڈیشل کر دیا۔ ہمیں ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا اور ہمارے سامنے عدالت کے سامنے بھی کوئی تفتیشی رپورٹ پیش نہیں کی۔ ہمارے عدالت سے باہر آنے کے بعد شاید پولیس عدالت کے سامنے کچھ پیش کر دے۔
وکیل ظہیر عنایت ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج 8 ملزم وکلا کو انتہائی تاخیر سے عدالتی وقت کے بعد سوا 5 بجے پیش کیا۔ جس کے بعد عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ضمانتیں دائر کر دی گئی ہیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل تک جواب طلب کر لیا ہے۔