لاہور: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سابق صدر پرویز مشرف کی سزا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا لیکن کسی کو بھی سزائے موت دینا درست نہیں ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سزائے موت ظالمانہ، غیر انسانی اور ہتک آمیز سزا ہے۔ سزائے موت کا مطلب انتقام ہے نہ کہ انصاف۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل جنوبی ایشیا کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمر وڑائچ کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ ان کی حکومت میں رہنے والے دیگر افراد کو بھی اپنے دور میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جواب دینا ہوگا۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں لیکن سزائے موت ایک ظالمانہ فیصلہ ہے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔