لاہور: (دنیا نیوز) وزیر قانون پنجاب راجا بشارت نے میاں نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر کمیٹی کی تشکیل کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
راجا بشارت کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست موصول ہوئی ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت عدالت نے منظور کی، یہ تاثر غلط ہے کہ لیگی رہنما کو عدم ثبوت پر رہا کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے محکمہ داخلہ کو درخواست موصول ہو گئی ہے۔ ان کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس لف کی گئیں ہیں۔
راجا بشارت نے بتایا کہ فراہم کی گئی میڈیکل رپورٹس بیرون ملک اور پاکستان کے اداروں کی جاری کردہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، اہلخانہ کی ضمانت کی مدت میں توسیع کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست
خیال رہے کہ نواز شریف اور اہلخانہ نے ضمانت کی مدت میں توسیع کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دے دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے میاں نواز شریف کو انڈر سیکشن 401 (2) کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898ء کے تحت مزید ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کو درخواست دینے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت عالیہ اسلام آباد کی جانب سے قرار دیا گیا تھا کہ جب تک حکومت پنجاب درخواست پر فیصلہ نہیں کرے گی، نواز شریف ضمانت پر ہی تصور کئے جائیں گے۔