اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سزا معطلی اور بیرون ملک قیام کی مدت میں اضافے کے معاملے پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے لئے بورڈ کے ممبران میں 5 سینئر پروفیسرز شامل ہیں۔ میڈیکل بورڈ کی سربراہی پروفیسر محمود ایاز کریں گے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق میڈیکل بورڈ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر 3 روز میں رپورٹ پیش کرے گا۔ رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل بورڈ کی تجاویز کو کابینہ اجلاس میں رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزرا کی جانب سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے جس پر جائزہ لینے کے لئے بورڈ بنایا گیا ہے۔