کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں آتشزدگی کا دل خراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں انکیوبیٹر جلنے سے دو دن کی نومولود بچی جاں بحق ہو گئی۔
بچی کے اہلخانہ نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال رضا کا موقف ہے کہ انکیوبیٹر میں آکسیجن ہوتی ہے جس کے باعث آگ بھڑکی، تاہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق بچی کی والدہ مظفر گڑھ کی رہائشی اقرا بی بی منظور کالونی میں اپنے میکے آئی ہوئیں تھیں۔ بچی کی پیدائش جناح ہسپتال میں ہوئی تاہم اس کا این آئی سی ایچ میں مائنرآپریشن ہونا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے کر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ یاد رہے کہ چند روزقبل جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ اور قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں بھی آگ لگ چکی ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے این آئی ایچ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی سپیشل سیکریٹری ایڈمن کی سربراہی میں کام کرے گی۔