اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس 20 جنوری کو ہوگا، پاکستان نے 27 نکات پر عملدرآمد رپورٹ جمع کرا دی جبکہ گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے بھی سفارتی ڈپلومیسی تیز کر دی گئی۔
ایف اے ٹی ایف کے چار روز جاری ر ہنے والے اجلاس میں پاکستان کا 18 رکنی وفد وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں شرکت کرے گا، وفد میں فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، نیکٹا کے ڈی جیز، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور اعلی حکام شامل ہیں۔ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان 650 صفحات پر مشتمل رپورٹ پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کو بھجوا چکا ہے، یہ رپورٹ 16 فروری سے شروع ہونے والے پیرس اجلاس میں زیر غور لائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے ووٹنگ ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک سے رابطے شروع کر دیئے ہیں اور ان رابطوں کی وزیر اقتصادی امور رابطوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں، رابطوں کا مقصد گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے۔