سی ٹی ڈی کیساتھ مقابلہ، کوئٹہ میں حالیہ بم دھماکوں میں ملوث 2 دہشتگرد ہلاک

Last Updated On 20 January,2020 10:59 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں حالیہ بم دھماکوں میں مبینہ طور ملوث 2 دہشتگرد سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، موٹر سائیکل میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر نواں کلی بائی پاس پر سرہ غڑگئی کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تو دہشتگردوں نے جدید اسلحہ سے اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس پر جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔

دہشتگردوں کے قبضہ سے ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے اس میں نصب 6 سے 7 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت کفایت اور حکمت کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں دہشت گرد گزشتہ برس ڈبل روڈ آر آر جی کی گاڑی کو نشانہ بنانے، میکانگی روڈ سیکورٹی فورسز کی گاڑی اور اسحاق آباد مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں بھی ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں خود کش دھماکا،امام اورڈی ایس پی سمیت 15 افراد شہید

یاد رہے کہ 10 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے زوردار دھماکے میں‌ ڈی ایس پی امان اللہ اور امام سمیت 15 افراد شہید جبکہ متعدد ہو گئے تھے۔

اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر بھی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول موٹر سائیکل بم دھماکا ہوا تھا جس میں دو شہری جاں بحق جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کی اہم تجارتی شاہراہ میکانگی روڈ پر امن دشمنوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل کو اس وقت ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا جب فورسز کی گاڑی وہاں آ کر رکی۔

دھماکا اس قدر زوردار تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے فورسز کی گاڑی، متعدد موٹر سائیکلوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ امدادی ٹیموں اور ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

 

Advertisement