اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے گریڈ 18 سے گریڈ 21 کے بیوروکریٹس کی ترقی کے رولز کیخلاف دائر درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیروائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
سابق بیورو کریٹ سکندر حیات نے پی ٹی آئی حکومت کے بنائے گئے پروموشن رولز 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 مارچ تک پیروائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عدالتی معاونت کے لئے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
سکندر حیات نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہےکہ سول سرونٹ رولز 2019 اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے متصادم ہیں، جبکہ گریڈ 18 سے 21 تک کیلئے افسران بھی ان رولز سے متاثر ہو رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اعلی عدالتی فیصلوں کے خلاف بنائے گئے رولز کو کالعدم قرار دیا جائے۔