نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تحفظات ہیں، معاون خصوصی شہزاد اکبر

Last Updated On 27 January,2020 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

بیرسٹر شہزاد اکبر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تحفظات ہیں کیونکہ نہ تو اس کے ساتھ کچھ سرٹیفکیٹ منسلک ہیں اور نہ ہی اس میں پلیٹ لیٹس سے متعلق بتایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی ریکوری گزشتہ سال سے بہتر ہے۔ نیب کیسز میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اس کے قوانین ادارے کی بہتری کیلئے ہیں۔ حکومت ایسا قانون نہیں بنا سکتی جس کی معاشرے میں پذیرائی نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: پرانا فرسودہ نظام کرپشن کے خلاف فعالیت سے کام نہیں کر سکتا، شہزاد اکبر

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہزاد اکبر نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں پرانا اور فرسودہ نظام کرپشن کے خلاف فعالیت سے کام نہیں کر سکتا۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اپوزیشن بغلیں بجا رہی ہے۔ میں اس رپورٹ پر وضاحت ضروری سمجھتا ہوں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک پریشر گروپ ہے جو عملی طور پر کام نہیں کرتا لیکن تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف عملی اقدامات کر رہی ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا اپنا تاثر بھی پاکستان کے حوالے سے زیادہ اچھا نہیں، اس کے سربراہ کو گزشتہ حکومت نے جب سفیر لگایا تو پاکستان کا انڈیکس بڑا اچھا ہو گیا تھا۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ نیب کی فعالیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انسداد بدعنوانی نے دس سال سے زیادہ ریکوری کی۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے کے اندر ادارہ جاتی اصلاحات کی جا رہی ہیں، اس کے ثمرات جلد عملی طور پر نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرانا فرسودہ نظام کرپشن کے خلاف فعالیت سے کام نہیں کر سکتا، اسی وجہ سے ایف بی آر میں اصلاحات کی جا رہی ہیں جبکہ نیب قوانین کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔