اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان حکومت نے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں پروگرام رکوانے کیلئے مقامی ہوٹل انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔
تفصیل کے مطابق افغان حکومت نے مودی سرکار کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کابل کے مقامی ہوٹل میں کشمیریوں کے حق میں پروگرام کو رکوانے کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے مقامی ہوٹل میں کشمیر سے متعلق پروگرام کا پانچ فروری کو انعقاد کیا جائے گا۔
کابل کے مقامی ہوٹل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کے احکامات ہیں کہ پروگرام منسوخ کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی پاکستانی سفارتخانے میں کشمیر سے متعلق پروگرام میں آنے والے مہمانوں کو ہراساں کیا گیا تھا۔