کراچی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک کمرشل کونسلز کو تجارت کو فروغ دینے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ بھیگ مانگے والوں کی کوئی عزت نہیں، عالمی سطح پر اپنی اہمیت بڑھانے کے لیے اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔
تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کراچی میں مصروف دن گزارا۔ ایف پی سی سی آئی میں تاجروں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ برآمدات کو فروغ دیئے بغیر اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتے، اسی لیے بیرون ملک کمرشل کونسلز کو سپیشل ٹاسک دیا گیا ہے۔
بعد ازاں شاہ محمود قریشی آئی بی اے بھی پہچنے جہاں طلبہ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔ بھارت کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کر رہا ہے۔ دنیا کو کشمیر کا درد محسوس کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام بہت واضح ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کھڑے ہیں اور حق خود ارادیت کے لیے ان کی وکالت کرتے رہینگے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل معاشی استحکام کی جانب گامزن ہیں۔ برآمدات کے فروغ کے لیے افریقا سمیت دیگر عالمی منڈیوں پر کام جاری ہے۔ خارجہ امور معاشی امور سے جڑے ہیں۔ دنیا آپ کی بات اسی وقت سنتی ہے، جب آپ معاشی طور پر مضبوط ہوں۔