کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی سپارک 2020ء کا کراچی میں آغاز ہو گیا ہے۔
ہر دو سال میں منعقد کی جانے والی اس مشق کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کا جائزہ اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے ضمن میں پاکستان بحریہ کے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کرنا ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف (آپریشنز) نے اپنے افتتاحی کلمات میں مشق کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاک بحریہ امن اور جنگ کے دوران قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لئے جنگی اعتبار سے تیار اور پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشق سی سپارک 20 محفوظ اور پائیدار سمندری ماحول کو فروغ دے کر خطے کے امن واستحکام کو برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو تقویت بخشے گی۔ بعد ازاں فورس کمانڈرز نے مشق کے آپریشنل منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
مشق سی سپارک 2020ء بحیرہ عرب میں جیونی سے سرکریک تک پاکستان کی ساحلی پٹی پر منعقد کی جائے گی۔ مشق میں پاک بحریہ کے تمام پلیٹ فارمز، اثاثہ جات، سپیشل فورسز اور پاک میرینز کے مختلف دستے، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)، پاک فوج اور پاک فضائیہ کے اثاثے اور نمائندگان بھی ںشریک ہیں۔
وزارت دفاع، خارجہ امور، توانائی، وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کے عہدیدار بھی اس مشق کا حصہ ہیں۔