14 ویں سی این ایس انٹرنیشنل سکواش چیمپین شپ 2020 کا کراچی میں آغاز

Last Updated On 04 February,2020 08:15 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کی 14 ویں چیف آف دی نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپین شپ کا آغاز پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس کراچی میں ہوا۔ بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ 5 مختلف ممالک کے 14 غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان نیوی کا کہنا ہے کہ کمانڈر کراچی، ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی اور چیمپین شپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔

سی این ایس انٹرنیشنل سکواش چیمپین شپ کے دوران مصر، فرانس، ہانگ کانگ، کویت اور ملائشیا سے انٹرنیشنل رینکنگ رکھنے والے 14 کھلاڑی اور 10 قومی کھلاڑی ایک ہفتے تک جاری رہنے والے چیمپین شپ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

قبل ازیں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور حبیب الرحمن نے اپنے ابتدائی کلمات میں حاضرین اور شرکا کو ٹورنامنٹ کے نمایاں اصولوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمپین شپ کھیلوں کوعموما اور سکواش کو بالخصوص فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر نے میگا ایونٹ میں تعاون اور موجودگی پر کھلاڑیوں، منتظمین، میڈیا اور سپانسرز کے جذبے کی بھی تعریف کی۔

بعدازاں پہلے راونڈ کا افتتاحی میچ پاکستانی کھلاڑی عماد فرید اور مصر کے شیڈی ایل شیربینی کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کے عماد فرید کو فاتح قرار دیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں سول اور فوجی معززین ، سپانسرز اور سکواش کے سینئر کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
 

Advertisement