چارسدہ: (دنیا نیوز) جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کے خاتمے تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔ ہم نے غریب عوام کے دفاع کی جنگ لڑنی ہے۔
چارسدہ میں عالمی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتوں کی منظوری سے آنے والے حکمران کو نہیں مانیں گے۔ ہمارے بڑوں نے قربانیاں اس لیے نہیں دیں کہ آج بھی بیرونی ایجنڈے کے تحت حکومتیں بنیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہر طبقہ موجودہ حکومت سے مطمئن نہیں ہے۔ آج پاکستان کی معشیت ڈوب رہی ہے۔ سابقہ حکمرانوں نے آج تک اتنے قرضے نہیں لیے تھے، جتنے موجود حکومت نے ایک سال میں لیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی سیاسی پارٹی پر الزام نہیں لگا رہا، مگر وہ آج خود کہہ رہے ہیں کہ ہم نے مولانا کا ساتھ صیح طریقے سے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں نے ایک ووٹ کی خاطر ضمیر بیچ دیا تو ایسے حالات میں آزادی مارچ کے نتائج نہیں آ سکتے۔ ہم نے قوم میں شعور پیدا کیا۔