لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے واہگہ بارڈر دھماکا کیس میں جرم ثابت ہونے پر 3 مجرموں کو 5، 5 بار سزائے موت اور جرمانے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 5 سال 3 ماہ بعد کیس پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر حسیب اللہ، سعید جان اور حسین اللہ کو 5، 5 بار سزائے موت، تین، تین سو سال قید اور ایک، ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے ملزم شفیق، غلام حسین اور عظیم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیا۔
مقدمے کی سماعت میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 101 گواہوں نے بیانات قلمبند کروائے۔ پیشی کے موقع پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
خیال رہے 2014ء میں واہگہ بارڈر پر ہونے والے بم دھماکہ میں 70 افراد شہید اور 107 افراد زخمی ہوئے۔