اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج بھارت میں آر ایس ایس نظریہ غلبہ اختیار کرچکا ہے، ایک ارب سے زائد آبادی پرمشتمل جوہری قوت پرنازی متاثرہ آرایس ایس کا قبضہ ہے۔ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے بعد بھارتی مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، عالمی برادری نوٹس لے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جب بھی نسل پرستانہ نظریہ غالب آتا ہے تباہی کا باعث بنتا ہے، ہمارے خدشات کے مطابق مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے، عالمی برادری کو اس کا سخت نوٹس لینا ہوگا۔
آج ہم جوہری صلاحیت کی حامل 1 ارب سے زائد انسانوں پر مشتمل ریاست بھارت کو نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں گرتا دیکھ رہے ہیں۔ نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2020
عمران خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کہا تھا انتہاپسندی کا یہ جن بوتل سے باہر آیا تو بدترین خونریزی ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر شروعات تھی، اب 20 کروڑ بھارتی مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ کسی غیر مسلم یا انکی عبادتگاہوں کو نشانہ نہ بنایا جائے، ہماری اقلیتیں پاکستان میں برابر کے شہری ہیں۔
آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے۔ ہماری اقلیتیں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2020