نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے، فواد چودھری

Last Updated On 27 February,2020 06:28 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے۔ شہباز شریف صاحب بھی خود واپس نہیں آ رہے، اشتہار جاری کرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیر فواد چودھری کا اسلامیہ کالج پشاور میں ایک تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ جلدی ترقی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سائنسی علم حاصل کرنا ہوگا۔ جب سائنس کی بات آتی ہے تو لگتا ہے کہ ہم اس حوالے سے پسماندہ ہیں۔

فواد چودھری نے طلبہ کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ 2022ء میں پہلا پاکستانی خلا میں جائیگا۔ یہ پہلا پاکستانی کوئی لڑکی بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1962ء میں ہم نے خلا کا پروگرام شروع کیا تھا۔ پاکستان روس کے بعد دوسرا ملک تھا جس نے 1963ء میں راکٹ لانچ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈیفنس پر فوکس کیا تو پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے کمان بزرگوں کے پاس تھی اب جوانوں کے پاس ہوگی۔ چاند کہاں سے اچھا نظر آتا ہے؟ اس سے آگے جاتے ہوئے ہمیں ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔

وفاقی وزیر کے اسلامیہ کالج یونیورسٹی سے واپسی پر جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ نے ٹیچروں پر تشدد کے خلاف احتجاج کیا اور فواد چودھری کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر نعرے لگائے۔
 

Advertisement