اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر نیلامی میں حصہ لینے والوں کو سہولت دینے کا فیصلہ اور مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لئے 30 دن کا وقت ملے گا۔
تفصیل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ‘’نیو بلیو ایریا’’ منصوبے کا جائزہ لینے بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی منصوبے کی سائٹ پر پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم کو نیلامی کے طریقہ کار پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لئے ایف 9 پارک کے بالمقابل 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرز پر تعمیر ہوگا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شوز کئے جائیں گے۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لئے 30 دن کا وقت ملے گا۔ اوررسیز پاکستانیوں کو بھی رقم کے انتظام کے لئے مناسب وقت دیا جائے گا۔
منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے ملیں گے۔ حکومت آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی۔ یہ رقم بے گھر اور غریب افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوگی۔ منصوبہ سے روزگار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں سمیت تعمیراتی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔