اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ چار سال میں 24 ارب روپے کے تعلیمی وظائف دے گی، پہلے مرحلے میں یہ وظائف سرکاری یونی ورسٹی کے طالب عملوں کو دیئے جائیں گے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اسلام آباد میں ڈاکٹر شہباز گل کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا جس کی آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہوگی وہ تعلیمی وظائف کا حقدار ہوگا، تعلیمی وظائف کا آغاز سرکاری یونیورسٹی سے ہوگا، تعلیمی وظائف کا 50 فیصد کوٹہ طالبات کا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی وظائف کا 2 فیصد کوٹہ خصوصی طالب علموں کے لیے ہوگا، تعلیمی وظائف میں ٹیوشن فیس معاف ہوگی اور 4 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا سرکاری میڈیکل کالجز کے طالب عملوں کو بھی ان تعلیمی وظائف سے مستفید کیا جائے گا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ماضی میں ہائیر ایجوکیشن پر زیادہ خرچے کیے گئے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ پرائمری، مڈل اور ہائی سکول پر زیادہ فنڈز خرچ کیے جائیں، ایسی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، جس سے پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کی تعلیم کا معیار بڑھایا جائے گا۔