تمام اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے: چودھری پرویز الہیٰ

Last Updated On 03 March,2020 05:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے۔ حکومتی اقدامات کے نتیجےمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

تفصیل کے مطابق قائم مقام گورنر چودھری پرویز الہیٰ سے وزیر قانون راجہ بشارت نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے نو مارچ کو تجویز کردہ اجلاس میں قانون سازی اور دیگر ایجنڈے پر دونوں رہنماؤں نے مشاورت کی۔

اس موقع پر گفتگو میں چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ وفاق اور پنجاب کی اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ تمام اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے۔

قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مظالم قابل مذمت اور شرمناک ہیں۔ ایران اور دنیا کے دیگر ممالک کا بھارتی حکومت کے اقدامات کے خلاف ردعمل اہم ہے۔ عالمی برادری مودی حکومت کو بھارت اور کشمیر میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف مظالم سے روکے۔ نریندر مودی گجرات کے بعد دہلی میں ظلم کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کا عوامی برادری نوٹس لے۔ حکومت پاکستان بھرپور انداز سے بھارتی مظالم کو بے نقاب کر رہی ہے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اورنج لائن کے کرائے پر ایوان میں بحث پر بھی مشاورت کی گئی۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اورنج لائن کے کرائے پر تمام جماعتوں سے رائے لیں گے۔ اورنج لائن کا کرایہ مقرر کرنے کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے کھلے دل سے سنیں گے۔