اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر موثر اور کرپشن آلودہ نظام ڈیلیور نہیں کر رہا تو اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ریاستی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت توانائی اور پٹرولیم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ بجلی اور گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
وزیراعظم نے وزارت توانائی اور پیٹرولیم کے مسائل حل کیلئے ایمرجنسی پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سسٹم کی اصلاح کے عمل کا بوجھ عام آدمی پر کم سے کم پڑے۔ غیر موثر اور کرپشن آلودہ نظام ڈیلیور نہیں کر رہا تو اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی اور مالی مسائل ورثے میں ملے، تاہم درپیش مسائل پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لینے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ادارے کے سربراہ کی کارکردگی کو اہداف کی تکمیل سے منسلک کیا جائے۔ وزارت توانائی اور پیٹرولیم میں پروفیشنلز کی خدمات لینا ہونگی۔