لاہور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے جاتی سردی لوٹ آئی

Last Updated On 05 March,2020 07:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایوبیہ، چھانگلہ گلی، کوئٹہ اور قلع سیف اللہ میں برفباری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی۔ سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل کھل کر برسے۔ محکمہ موسمیات نے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بادلوں کا راج ہے۔ کہیں رم جھم تو کہیں تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے جاتی سردی لوٹ آئی۔ فیصل آباد میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

ادھر گلیات میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں 6 انچ برف پڑی۔ صوبہ پنجاب کے شہروں پاکپتن، صادق آباد، سیہون، نواب شاہ، دادو اور نوشہرو فیروز میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

جڑواں شہروں میں بارش کے باعث راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ سپل ویز کھولنے پر قریبی آبادی کو الرٹ کرکے سائرن بجائے گئے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کا حالیہ سلسلہ ہفتہ کے روز تک جاری رہ سکتا ہے جبکہ اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

ادھر کوئٹہ، زیارت اور مستونگ سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت میں 3، خضدار میں 4، سبی میں 12 اور قلات میں ایک ملی میٹر بارش جبکہ پہاڑوں پر 2 سے 4 انچ تک برفباری ہوئی ہے۔

زیارت میں کم ازکم درجہ حرارت4، کوئٹہ میں 2، بارکھان میں 8، دالبندین 5، گوادر اور پسنی 16، جیونی 18، قلات 4، خضدار اور لسبیلہ میں 13، نوکنڈی میں 8، پنجگور میں 10، سبی میں 12، تربت میں 9 اور ژوب میں 5 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسیٰ خیل شیرانی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، سبی، چاغی، مستونگ اور کوئٹہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔