لندن: (دنیا نیوز) سمندری طوفان ‘’کیارا’’ کے بعد ایک اور سمندری طوفان ‘’ڈینس’’ برطانوی ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ طوفان ڈینس ’’کیارا‘‘ سے زیادہ تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔
سکاٹ لینڈ اور ویلز سمت برطانیہ کے اکثر شمالی علاقوں میں طوفان ہواؤں کے ساتھ بارش سے ساحلی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں امبر وارننگ اور ییلو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
یارکشائر میں ہنگامی صورتحال کے باعث فوج کو طلب کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی شہر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ رائل ائیر فورس کے ہیلی کاپٹرز سیلابی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
طوفان کے باعث پورے ملک میں ریلوے اور طیاروں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ اب تک سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ شمالی علاقوں کو جانے والی ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ طوفان ڈینس ’’کیارا‘‘ سے زیادہ تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے اکثر شہروں میں ٹاؤن ہالز کو بے گھر ہونے والے افراد کے لیے کھول دیا گیا ہے۔