کراچی: (دنیا نیوز) موسم سرما کو رخصت کرتے ہی بہار کی رعنائیاں دستک دینے لگیں، بہار نے اپنی رنگینی ایسی پھیلائی کہ پارکس، گرین بیلٹس اور گھروں کے آنگن میں رنگا رنگ کھل اٹھے جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گیا۔
موسم سرما نے الوداع کیا، سلسلہ موسم بہار کا چل پڑا۔ پھر سوکھی ڈالی مسکرائی، موسم بہار نے لی انگڑائی۔ پرندے چہچہانے لگیں، گل گلزار قہقے لگانے لگیں۔ شہر نے سبزہ زار اوڑھا، گلوں میں باد نو بہار رنگ بھرنے لگی۔
سورج مکھی نے دھوپ سے پیلا رنگ چرایا اس پر بھنورہ خوب منڈلایا تو چنبیلی، گل داؤدی، گلاب، گل اشرفی، موتیا، گیندا ماحول کو مہکانے لگیں۔ روکھے سوکھے موسم کے جاتے ہی موسم کی دلکشی کے شہری بھی گن گانے لگیں۔
کراچی والوں کا تھا یہ کہنا کہ موسم کے رنگ ہیں چار لیکن بہار کا کچھ خوبصورت انداز ہے، مسکراتےموسم نے حسن ایسا جمایا، بوٹا بوٹا لہلہایا۔ آنکھوں کو خیرہ کر دینے والے مناظر تازگی بخش رہے ہیں اور ثابت کر رہے ہیں، موسم بہار خدا کا عطا کردہ تحفہ ہے، اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ رنگ، خوشبو اور حسن کے موسم نے شہر کی رونقیں بھی دوبالا کردی ہیں۔