اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان دارالحکومت کابل میں دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ کابل میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ پاکستان افغان تنازع کے حل کیلئے بات چیت کا حامی ہے۔ پاکستان نے تمام فریقین پر افغانستان میں امن واستحکام کیلئے تعمیری سوچ کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا ہے۔
افغانستان: سیاسی تقریب کے دوران دھماکا، 27 جاں بحق ہلاک، طالبان کی حملے کی تردید
خیال رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت میں حزب وحدت پارٹی کے رہنما عبدالعلی مزاری کی 25ویں برسی کی تقریب کے دوران بم دھماکے میں 27 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل کے سربراہ محمد کریم خلیل تقریر کر رہے تھے۔ دھماکے کے وقت افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی اور دیگر اہم سیاسی رہنما بھی تقریب میں شریک تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔
ترجمان افغان وزارت داخلہ نصرت رحیمی نے دھماکے میں 27 افراد کے جاں بحق اور 29 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آور نے تقریب کے مقام کے قریب واقع زیر تعمیر عمارت سے حملہ کیا جبکہ اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ طالبان نے ٹویٹر کے ذریعے حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی خبریں کو مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ایسی ہی ایک تقریب پر حملہ کرکے 11 افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔