لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پوٹھوہار اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
موسلا دھار بارشوں سے ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ اور کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے موسلا دھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کشمیر، گلگت، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
اس کے علاوہ غیر معمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان کا خدشہ بھی ہے۔
جمعه کے روز اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختو نخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ہفتہ کے روز خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے سا تھ بارش کی توقع ہے۔
کشمیر، بالائی خیبر پختو نخوا اور خطہ پوٹھوہار میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا، پنجاب، شمالی بلوچستان، کشمیر، بالائی سندھ اور اسلام آباد کے اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران مالم جبہ میں برف باری بھی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اور پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، حادثات میں 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی