اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی خطرناک وبا کئی ممالک تک پھیل چکی ہے۔ پاکستان صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی خطرناک وبا سے نمٹنے اور ہر ممکن اقدامات کیلئے پاکستان تیار ہے۔ سمندر پار پاکستا نیوں کو مقامی حکومتوں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تفتان سرحد پر زائرین اور ٹرکوں کی آمدورفت دوبارہ سے شروع ہو چکی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 200 روز گزرنے کے باوجود لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ نئی دہلی کے پرتشدد واقعات میں 53 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرے۔
افغانستان سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان الیکشن کمیشن نے اشرف غنی کی کامیابی کا اعلان کیا، پاکستان نے انہیں کامیابی کی مبارکباد دی ہے۔ اب افغانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان امن کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔