کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں بڑھنے والے کروناوائرس کے کیسز کی تعداد کے بعد گورنر ہاؤس سندھ کو دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا، سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مہلک وباء کے تناظرمیں مشکل فیصلے کرنے کا وقت آ گیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کل تک لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ کرلیا جائے گا۔ جبکہ وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر گورنر ہاؤس سندھ کو 2 ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا، گورنر ہاؤس کے عملے کو بھی چھٹی پر بھیج دیا گیا، صرف انتہائی ضروری افسران وعملہ گورنر ہاوس میں ڈیوٹی دے گا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں کرونا وائرس کے تناظرمیں انتہائی اہم فیصلے کرلیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس پرلیے گئے اقدامات کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ لوگوں کے سماجی میل جول کم نہ ہونے کے باعث کیا گیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کل تک لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ کرلیا جائے گا۔ سندھ حکومت کے اقدامات کو سنجیدہ نہیں لیا گیا، ایک گھر سے ایک آدمی کو نکلنے کی اجازت دی جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کریانہ، میڈیکل سٹورکھلے رہیں گے، ابھی تک ڈیٹیل پلان تیارنہیں ہوا، لوگوں کوبارباراپیل کی جارہی ہے گھروں میں رہیں، کوشش کی جائے گی لوگوں کو کم سے کم تکلیف ہو۔
عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے سندھ حکومت جوبھی فیصلہ کرے گی،ساتھ دیں گے، لوگ اس معاملے کو سیریس نہیں لے رہے۔
دوسری طرف ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل فیصلے کرنے کی گھڑی آگئی ہے۔
Time for some tough decisions. CM Sindh has discussed with Governor Sindh, Corps Commander Khi, DG Rangers & IG Sindh to ensure full implementation of Govt’s decision of keeping people at their homes. #SindhGovt will ensure that grocery & medical shops remain open
— SenatorMurtaza Wahab (@murtazawahab1) March 21, 2020
ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی گورنر، کور کمانڈر، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے بات کی ہے، لوگوں کو گھروں میں رکھنے کے حکم پرعملدرآمد سے متعلق بات چیت کی گئی ہے۔ سندھ حکومت یقینی بنائے گی کہ گروسری اورمیڈیکل سٹورکھلےرہیں۔
اُدھر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کرونا وائرس کے پیش نظر آئندہ ہفتے کے لیے جاری کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے، لاہور رجسٹری میں 24 سے 27 مارچ تک مختلف کیسز کی سماعت ہونا تھی۔
نئی کاز لسٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔ آئندہ ہفتے کے دوران جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین خان، اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اپنے چیمبرز میں کام جاری رکھیں گے۔
دریں اثناء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹس اور ریسٹورنٹس 10 بجے بند کرنا ہونگے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ میڈیکل سٹورز، بیکریز،تنور، ملک شاپس اور پٹرول پمس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔