کراچی: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کا شکار ہوئے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے صحت یاب ہو کر پلازمہ چلڈرن ہسپتال کو عطیہ کر دیا ہے۔ اس سے مہلک وائرس کا شکار دیگر مریضوں کا علاج کیا جا سکے گا۔
تفصیل کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے والدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس تاریخ کا حصہ بن جائے گا لیکن اس کے لیے ہمت اور ارادہ ضروری ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں خون کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریض حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے نوجوان مریض جن کی عمریں 18 سے 50 سال درمیان ہیں وہ اپنا پلازمہ عطیہ کرکے دیگر مریضوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔