کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے پائلٹ ایسوسی ایشن نے مکمل سیفٹی ڈریسز اور سامان دینے تک پروازیں چلانے سے انکار کردیا۔ کورونا کی وبا کے دوران درپیش سیفٹی مسائل پر وزیر ایوی ایشن غلام سرور اعوان سے خدشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
پالپا کے صدر کیپٹن چودھری سلمان نے وزیر ایوی ایشن غلام سرور اعوان کو پی آئی اے کے سیفٹی مسائل پر خط لکھ دیا ہے۔ خط میں عملے کی حفاظت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں ایوی ایشن صنعت کے معیارات کے مطابق عملے کے حفاظتی اقدامات کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے مداخلت کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں صدر پالپا نے ایوی ایشن ڈویژن کے معاملے کا نوٹس نہ لیے جانے تک پروازیں آپریٹ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات یقینی نہ بنائے جانے تک عملے کی سلامتی کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ سے تعاون سے گریز کیا جائے گا۔
پالپا کے جنرل سیکریٹری نے بھی واضح طور پر پروازیں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی سامان دینے تک پروازیں شروع نہیں کریں گے۔