اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں گرفتار حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی سے متعلق انسانی حقوق کی چھ تنظیموں کے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا بھارت کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے انسانی حقوق کا احترام کرے اور تمام سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کیا جائے۔ مشترکہ بیان میں کشمیری قیدیوں پر جاری زیادتیوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے بھارت سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قیدیوں کو فوری رہا اور انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا، پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے خلاف اقدامات کر کے انسانی حقوق کا احترام کرنا چاہئے۔ پانچ اگست 2019 کے بعد سیاسی قیدیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور مقبوضہ کشمیر کے گرفتار تمام افراد کو فوری رہا کیا جائے۔
عائشہ فاروقی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ اور بیرونی دنیا سے قیدیوں کو الگ تھلگ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، مشترکہ بیان میں کشمیری قیدیوں پر کئی دہائیوں تک ہونے والی زیادتیوں پر انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے اداروں کی طرف سے بار بار مذمت کی نشاندہی بھی کی گئی۔