اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ دنوں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستان نے بھارتی ذرائع ابلاغ میں نشر ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں گزشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو کابل میں گردوارہ پر دہشت گردی کے حملے کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان نے اس کوشش کو انتہائی گمراہ کن اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سکھ گردوارہ پر دہشتگردی کے اس بزدلانہ حملے کی مذمت کر چکا ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ عبادت گاہیں مقدس مقامات ہیں، ان کے تقدس کا ہر قیمت پر احترام کیا جانا چاہیے۔ اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔