فورسز کا شمالی وزیرستان اور مہمند میں آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک، اہم مواد برآمد

Last Updated On 07 April,2020 10:15 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور مہمند میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھارتی کمپنیوں کی تیار شدہ ادویات اور انتہاء پسندی سے متعلق مواد، بارودی سرنگیں اور نائٹ ویژن آلات بھی برآمد کئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر سیکیورٹٰ فورسز کے آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ مستند خفیہ معلومات کی بنیاد پر ضلع شمالی وزیرستان کے گاؤں ادل خیل میں بھی آپریشن کیا گیا۔

ادل خیل گاؤں میں بھاگنے کی کوشش کے دوران چار دہشتگردوں کو مار گرایا گیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ اور بارود برآمد کیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں 7 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔