کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے خلاف سندھ حکومت کی حکمت عملی کی بڑی کامیابی، متاثرہ اور مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ کرنے کے نتائج آگئے۔
ذرائع سندھ حکومت کے مطابق کورونا پازیٹو کے شکار مزید 129 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔ حیدر آباد میں کورونا پازیٹو کے شکار 134 افراد کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 129 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نمونے نیگیٹو رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا۔ سندھ حکومت کی درخواست پر تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد قرنطینہ میں تھے۔ تبلیغی جماعت کے منتظمین نے سندھ حکومت اور طبی ماہرین کی تجویز پر عمل کیا۔
چند روز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے دوبارہ ٹیسٹ ہونگے۔ دوبارہ ٹیسٹ منفی آنے پر تمام افراد کو گھروں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔ سکھر اور دیگر شہروں میں بھی کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے جا رہے ہیں۔